میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک سمیت اپنے تمام پلیٹ فارمز پر بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد نئے ٹولز اور اپ ڈیٹس متعارف کرا دیے ہیں۔
میٹا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نوجوان صارفین کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، جس میں ڈائریکٹ میسجنگ (ڈی ایم) میں سیکیورٹی بہتری، عریانی سے بچاؤ کی خصوصیات میں توسیع اور بچوں کے اکاؤنٹس پر اضافی کنٹرولز شامل ہیں۔کم عمر صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجنگ میں اب یہ واضح انداز میں نظر آئے گا کہ وہ کس سے بات کر رہے ہیں، ساتھ ہی نئے سیفٹی ٹپس، میسج بھیجنے والے کی شناخت (اکاؤنٹ کب بنا، وغیرہ) اور بلاک و رپورٹ کرنے کا نیا مربوط آپشن فراہم کیا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق صرف جون کے مہینے میں ہی نوجوان صارفین نے کمپنی کے حفاظتی نوٹسز کی مدد سے 10 لاکھ سے زائد مشتبہ اکاؤنٹس کو بلاک کیا، اور اتنی ہی تعداد میں رپورٹ بھی کیا گیا۔نوجوانوں کو استحصال سے بچانے کے لیے میٹا نے انسٹاگرام پر ’لوکیشن نوٹس‘ کا فیچر متعارف کرایا ہے، جو کسی بیرون ملک موجود شخص سے چیٹ کرتے وقت وارننگ جاری کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 10 فیصد سے زائد صارفین نے اس نوٹس پر کلک کر کے مزید حفاظتی معلومات حاصل کیں۔
عریانی سے بچاؤ کے لیے تیار کردہ ’نیکڈ پروٹیکشن‘ فیچر، جو مشکوک برہنہ تصاویر کو خودکار طور پر دھندلا دیتا ہے، اب مزید وسعت اختیار کر چکا ہے۔ جون 2025 تک 99 فیصد صارفین، جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے، اس سیٹنگ کو فعال رکھے ہوئے تھے۔میٹا کے مطابق اس فیچر کی بدولت نازیبا مواد شیئر کرنے کی شرح میں واضح کمی آئی، جب کہ 45 فیصد صارفین نے وارننگ موصول ہونے کے بعد ایسی تصاویر کو شیئر نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کی آن لائن حفاظت کے لیے یہ اقدامات مسلسل اپ ڈیٹ ہوتے رہیں گے تاکہ انہیں ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کیا جا سکے۔
26 نومبر احتجاج کیس،حکومت پنجاب کا ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرانے کا فیصلہ
پاکستان کی اسرائیلی مظالم اور غذائی محاصرے کی شدید مذمت
پاکستان کی بنگلادیش کو 74 رنز سے شکست