وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے استحصال اور زیادتی سے بچانا ہوگا۔ والدین اور بچوں کو آگاہی دینی ہوگی۔
19 نومبر کو بچوں کے خلاف تشدد کی روکتھام کے دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سال کا تھیم ’’ تیز رفتار ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات، بچوں کو جنسی استحصال اور زیادتی سے بچانا‘‘ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مواقع اور خطرات دونوں کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو اپنا تحفظ کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس دن کا مقصد بچوں اور والدین کو یہ سکھانا ہے کہ استحصال سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ تعلیم، شعور اور تفہیم کے ذریعے ہی اس درندگی اور سفاکیت کو معاشرے سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے فوائد پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے زندگی کے کئی شعبوں میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں تاہم بچوں کی حفاظت کا نیا چیلنج بھی درپیش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگردرست قوانین اور اقدامات کا اطلاق کیا جائے تو جدید ٹیکنالوجیز بچوں کے تحفظ کا اہم ہتھیار ثابت ہوسکتی ہیں۔ مراد علی شاہ نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کی تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کو روکنے کےلیے آگاہی دینا ضروری ہے۔ بچوں کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کےلیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کی حفاظت کےلیے نئے اقدامات اٹھائے ہیں اور حکومت بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور تشدد سے بچانے کےلیے پر عزم ہے۔ ہمیں بچوں کو ہر حال میں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جس میں وہ وقار اور آزادی کے ساتھ نشوونما پا سکیں۔ والدین اور تعلیمی اداروں کو پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپناکردار ادا کرنا ہوگا۔ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت ، بہبود اور صحت کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
عالمی اردو کانفرنس 5 تا 8 دسمبر آرٹس کونسل کراچی میں ہو گی
ہوٹلز ،گیسٹ ہائوسز کیخلاف کریک ڈائون ، 9غیر ملکی باشندےگرفتار
سندھ حکومت کا چائلڈ پروٹیکشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح