چونیاں،باغی ٹی وی(نامہ نگار)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے مہنگائی کم کرنے کا نعرہ لگانے والے ظالم حکمران غریب عوام پر ہر روز مہنگائی کے بم برسا رہے ہیں۔ ایک سروے کے دوران شہریوں نے کہا کہ مسلسل ہوشربا مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہے، عوام دو وقت کی روٹی کھانے سے بھی قاصر ہو چکے ہیں اور مہنگائی و بیروزگاری کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مگر ظالم حکومت کے وزراء مسلسل جھوٹ کے ذریعے ملکی معیشت کو آسمان کی بلندیوں پر پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ عوام ظالم حکومت کے خاتمے کیلئے جھولیاں اٹھا کر بددعائیں مانگ رہے ہیں،پی ڈی ایم سرکار اگر تھوڑی سی بھی اخلاقیات رکھتی ہے تو اسے فوری مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے کیونکہ مہنگائی کے ظلم کا شکار عوام جب سڑکوں پر آئیں گے تو پی ٹی ایم سرکار کو بہا کر لے جائیں گے۔آٹا، گھی، چینی، سبزیوں،پھل، اور دیگر اشیائے خوردونوش سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے بم گرائے جارہے ہیں۔ سروے میں مزید شہریوں نے کہا پی ڈی ایم اقتدار میں آنے سے پہلے کہتی تھی کہ روزانہ اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے جو شاید اب ان کے آنے پر ختم ہوگئی ہوگی تو پھر عوام پرمسلسل بوجھ ڈالنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لیں اور فوری غریب عوام کو ریلیف دیتے ہوئے مہنگائی میں کمی لانے کے اقدامات کرے، بصورت دیگر عوام جب سڑکوں پر آئیں گے تو پھر پی ڈی ایم سرکار کا بھاگنا بھی دشوار ہو جائے گا۔

Shares: