لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)بگن میں تعلیم دشمن عناصر کا المدینہ پبلک اسکول پر حملہ، سینکڑوں طلبہ دربدر

تفصیل کے مطابق بگن، سدہ کرم میں تعلیم اور معیشت دشمن عناصر نے 22 نومبر 2024 کی رات لوئر کرم کے بڑے تجارتی شہر بگن پر حملہ کر کے علاقے کی معیشت اور تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے المدینہ پبلک اسکول، جو 1999 سے تعلیمی خدمات فراہم کر رہا تھا، کو مکمل طور پر نذرِ آتش کر دیا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی تعلیم متاثر ہوئی۔

یہ اسکول نہ صرف علاقے کا ایک بڑا تعلیمی مرکز تھا بلکہ اس نے کئی ڈاکٹرز، انجینئرز، فوجی اور سول افسران پیدا کیے ہیں جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔

پرنسپل دین گل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم دشمن عناصر نے طلبہ کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے، اور اب یہ معصوم بچے دربدر دھکے کھا رہے ہیں۔

مقامی مشران، نوجوانوں اور فلاحی تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے اور طلبہ کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوں اور علاقے کے بچے بھی روشن مستقبل کی ضمانت حاصل کر سکیں۔

Shares: