بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ، شام کے ساتھ کام ہیں. ترجمان دفتر خارجہ

0
34

اکستان شدید زلزلہ کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ اور شام کے ساتھ کام جاری رکھے گا ، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ شدید زلزلہ کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ اور شام کے ساتھ کام جاری رکھے گا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف 6 فروری کے شدید زلزلے کے تناظر میں ترک عوام کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے اظہار کے لئے ترکیہ کا 2 روزہ دورہ کررہے ہیں، وزیر اعظم ترکیہ کے دورہ کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر پوری پاکستانی قوم کی جانب سے ذاتی طور پر دلی تعزیت کا اظہار کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم ترکیہ کے دورہ کے دوران اس مشکل وقت میں اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کے تعاون اور جاری امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کا بھی اعادہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم جنوبی ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور علاقے میں تعینات پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے ساتھ ساتھ زلزلے میں بچ جانے والوں سے بھی بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مہلک زلزلے کے بعد ترکیہ اور شام کے لیے امداد کی فراہمی کے کام کو متحرک کیا ہے، 15 فروری تک ترکیہ کے لیے پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کے تحت 12 پروازیں بھیجی جاچکی ہیں جبکہ این ایل سی کے 21 ٹرک سڑک کے ذریعے امدادی سامان لیکر ترکیہ کے لیے روانہ کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ شام کے لیے امدادی سامان لیکر 2 پروازیں اور 12 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بذریعہ سڑک روانہ کیا گیا ہے، 85 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اس وقت ترکیہ میں کام کر رہی ہے جبکہ 10 رکنی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اور 10 رکنی میڈیکل ٹیم شام میں امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین اور سمندر کے ذریعے اضافی امداد بھیجی جارہی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی کئی نجی اور خیراتی تنظیموں اور افراد ترکیہ اور شام کے برادر لوگوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں حصہ ڈال رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم خاص طور پر اس گمنام پاکستانی کے مشکور ہیں جس نے ترکیہ میں متاثرین کی امداد کے لیے 30 ملین امریکی ڈالر کا تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آفات کے بعد کی بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ اور شام کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 16 سے 20 فروری تک میونخ سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے جرمنی کے دورے پر ہیں، وزیر خارجہ سکیورٹی کانفرنس میں گول میز مباحثوں سمیت متعدد پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے ہم منصبوں اور کانفرنس میں شریک رہنمائوں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، وزیر خارجہ جرمنی کے دورہ کے بعد لتھوانیا کے وزیر خارجہ کی دعوت پر سرکاری دورے پر لتھوانیا جائیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں
اگرعوام کو پی ایس ایل کا ترانہ اچھا نہیں لگا تو بھائی حاضر ہے:علی ظفر
ڈی آئی خان:کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کو حادثہ۔،2 خواتین جاں بحق،25 افراد زخمی
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 20 سے 21 فروری تک ولنیئس میں وزیر خارجہ گیبریلیس لینڈسبرگس کے ساتھ وسیع امور پر بات چیت کریں گے اور لتھوانیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات کریں گے، فریقین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کریں گے، دورے کے آخری مرحلے میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 21 سے 22 فروری تک ہنگری کا دورہ کریں گے اور ہنگری کے ہم منصب پیٹر سیجارٹو سے بات چیت کریں گے، بات چیت میں فریقین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر غور و خوض کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزراء خارجہ دوطرفہ تعاون سے متعلق دو مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے جن میں سے ایک سفارتی اکیڈمیوں کے درمیان تعاون اور دوسرا دونوں ممالک کے درمیان کھیل اور تعلیم سے متعلق ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں، ان ملاقاتوں کے دوران آئی اے ای اے اور پاکستان کے درمیان صحت، زراعت، صنعت، جوہری ادویات اور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایجنسی کے مختلف منصوبوں اور پروگراموں کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا اور ایجنسی کے کام کے لیے تعاون اور تعاون کو بڑھانے کی ہماری خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی اے ای اے نے پاکستان نیوکلیئر میڈیسن آنکولوجی اینڈ ریڈیو تھراپی انسٹی ٹیوشن (نوری) اور چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے استعمال شدہ ایندھن کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے استعمال فیول ڈرائی سٹوریج کی سہولت کا افتتاح کیا۔

انہوں نے پاکستان سینٹر آف ایکسی لینس ان نیوکلیئر سکیورٹی کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور آئی اے ای اے فصلوں کی نئی زیادہ پیداوار اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے والی اقسام پر تحقیق کے سلسلے میں تعاون میں اضافہ کریں گے۔ پاکستان آئی اے ای اے کے ”رے آف ہوپ“ پروگرام میں علاقائی مرکز کے طور پر پڑوسی ممالک کی مدد کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور اس وقت واشنگٹن ڈی سی میں جاری ہے، پاکستان کے وفد کی قیادت چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کر رہے ہیں جبکہ امریکی وفد کی قیادت امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع برائے انڈو پیسیفک سکیورٹی امور ڈاکٹر ایلی رتنیو کر رہے ہیں۔

مذاکرات کے ایجنڈے میں دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور وسیع تر علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت سمیت متعدد امور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیرک چولیٹ 16 سے 18 فروری تک ایک انٹر ایجنسی وفد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، وہ اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے، بات چیت میں دو طرفہ روابط کے عمل پر توجہ مرکوز کی جائے گی جسے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، صاف توانائی، صحت، سلامتی، تعلیم اور دیگر مشترکہ ترجیحات میں ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد بحالی پر امریکہ کے ساتھ طویل المدتی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Leave a reply