بہاولنگر:اسلامیہ یونیورسٹی ، طالبہ کو ہراساں کرنے پر لیکچرار گرفتار

بہاولنگر (باغی ٹی وی ،ویب نیوز) اسلامیہ یونیورسٹی میں طالبہ کو ہراساں کرنے کے سنگین الزام میں لیکچرار کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ طالبہ نے شکایت درج کرواتے ہوئے الزام لگایا کہ لیکچرار نے اسے واٹس ایپ پر غیراخلاقی پیغامات اور ویڈیوز بھیج کر ہراساں کیا اور امتحان میں ناکام کرنے اور یونیورسٹی سے نکالنے کی دھمکیاں دیں۔

پولیس کے مطابق طالبہ نے اپنی درخواست میں بتایا کہ لیکچرار نے پہلے واٹس ایپ پر رابطہ کیا اور آہستہ آہستہ غیراخلاقی مواد بھیجنا شروع کیا۔ جب طالبہ نے اس رویے کی شکایت کی تو ملزم نے اسے مستقبل خراب کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر تعاون نہ کیا تو اسے امتحان میں فیل کر کے یونیورسٹی سے نکال دیا جائے گا۔

طالبہ کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم لیکچرار کے خلاف ہراسانی اور دھمکیوں کا مقدمہ درج کر کے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ملزم کا موبائل فون بھی قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ غیراخلاقی پیغامات اور ویڈیوز کے شواہد حاصل کیے جا سکیں۔

اسلامیہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے مزید کہا کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ ذمہ دار کو قانون کے مطابق سزا ملے۔

اس واقعے کے بعد یونیورسٹی کی طالبات میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ طلبہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی میں ہراسانی کے واقعات کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور ایسے ملزمان کے لیے سخت سزائیں مقرر کی جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا سدباب ہو۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،تعلیمی ادارے میں کسی بھی قسم کی ہراسانی ناقابل قبول ہے اور ہم ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوائیں گے،

Comments are closed.