بہاولپور(باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) کھیلتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دو سالہ بچہ جاں بحق، علاقے میں کہرام
بہاولپور کے علاقے بندرا پُل، امام بارگاہ والی گلی میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں کھیلتے ہوئے دو سالہ معصوم بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت شہزاد ولد سہیل کے نام سے ہوئی ہے، جو کھیل کے دوران گھر کے باہر رکھے چلتے پیڈسٹل فین سے ٹکرا گیا، اور زوردار جھٹکے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق اہل علاقہ نے فوراً اطلاع دی، مگر جب ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو بچہ زندگی کی آخری سانسیں لے چکا تھا۔ ابتدائی معائنے میں تصدیق ہوئی کہ کرنٹ کی شدت سے بچے کی موت واقع ہو چکی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا پھیل گئی، ہر آنکھ اشکبار اور دل غمزدہ تھا۔ بچے کے لواحقین شدید صدمے کی حالت میں ہیں اور انہوں نے میت کو اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا جہاں ایک کھلا پنکھا بغیر کسی حفاظتی انتظام کے چل رہا تھا۔ وہی پنکھا معصوم جان کے لیے جان لیوا بن گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ علاقے میں حفاظتی تدابیر کی شدید کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ والدین اور محلے دار ایسے آلات کو کھلے عام رکھنے سے گریز کریں تاکہ بچوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔