اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن بہاولپور ڈویژن کا ایک اہم اجلاس مقامی دفتر میں منعقد ہوا، جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ تربیت اور تنظیمی استحکام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس کی صدارت ایسوسی ایشن کے نائب صدر جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید کاشف بخاری نے کی جبکہ انفارمیشن سیکریٹری ملک جمشید عطا، سینئر صحافیوں اور مختلف شہروں کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ وقار میں اضافے کے لیے جلد ہی کارڈز کی تقسیم اور نوٹیفیکیشن کی ایک پروقار تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، تنظیمی نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور اندرونی معاملات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی غور کیا گیا۔
صدر بہاولپور ڈویژن چوہدری عثمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس کے وقار کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کے بعد اجلاس ختم ہوا۔