بہاولپور (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر 5 جون کو لال سوہانرا نیشنل پارک میں ورلڈ انوائرمنٹ ڈے کے موقع پر شجرکاری مہم اور آگاہی ریلی کا بھرپور انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، طلباء، صحافیوں اور تاجر برادری سمیت مختلف طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) نیشنل پارک عمران ستار اور سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ایس ڈی ایف او) محمد موسیٰ نے کی۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے "پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں، درخت لگائیں، ماحول کو آلودگی سے بچائیں” کا مؤثر پیغام عوام تک پہنچایا گیا۔
معروف صحافی سعید اختر چوہدری، سماجی کارکن عمر شہزاد عرف بھولا چشتی، تاجروں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے نہ صرف شرکت کی بلکہ شجرکاری میں حصہ لے کر ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی اقدام بھی اٹھایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف او عمران ستار نے کہا کہ درخت نہ صرف زمین کی خوبصورتی کا باعث ہیں بلکہ یہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی، گلوبل وارمنگ اور گرین ہاؤس ایفیکٹ جیسے چیلنجز کا واحد قدرتی حل شجرکاری ہے۔
ایس ڈی ایف او محمد موسیٰ نے کہا کہ جدید صنعتی ترقی نے جہاں انسانی سہولتوں میں اضافہ کیا ہے، وہیں قدرتی ماحول کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ اس وقت شجرکاری قومی، اخلاقی اور مذہبی فریضہ بن چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ہر فرد کم از کم ایک درخت ضرور لگائے تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف اور صحت مند ماحول میسر آسکے۔
اس مہم کے دوران شہریوں نے جوش و خروش سے پودے لگا کر اس بات کا ثبوت دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ اور باشعور ہیں۔ تقریب میں ماحول دوست پیغامات پر مشتمل بینرز، پلے کارڈز اور آگاہی مواد بھی تقسیم کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شجرکاری مہم کو ہر سطح پر جاری رکھنے اور اسے ایک تحریک کی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔