بہاولپور(باغی ٹی وی ،حبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی ہدایت پر بہاولپور پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مہم میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ گزشتہ روز کی کارروائیوں میں 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب، ناجائز اسلحہ اور پتنگیں برآمد کی گئیں۔
یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "منشیات سے پاک پنجاب” ویژن کے تحت کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی اور تھانہ سٹی احمدپور شرقیہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 80 لیٹر شراب اور 11 کپی برآمد کیں۔تھانہ سول لائنز، صدر بہاولپور اور تھانہ سٹی یزمان پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کیا جن کے پاس سے 2 پسٹل 30 بور اور 2 ریوالور 32 بور برآمد ہوئے۔تھانہ بغدادالجدید اور تھانہ عباس نگر پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے 222 پتنگیں اور خطرناک دھاتی ڈوریں قبضے میں لیں۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کہا کہ جرم جیسا بھی ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف یہ کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔









