بہاولپور (نامہ نگار حبیب خان): بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ ٹانگہ اڈہ میں فوڈ پوائزننگ کا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں رات کے کھانے میں آلو گوبھی کھانے سے ایک 6 سالہ بچے کی جان چلی گئی، جبکہ تین دیگر بچوں کو تشویشناک حالت میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال (بی وی ایچ) منتقل کیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق، خوش قسمتی سے ان تینوں بچوں کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

ریسکیو ٹیم اور ہسپتال کے ابتدائی ذرائع کے مطابق، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ کے رہائشی چار بچوں نے رات کو آلو گوبھی کھائی تھی، جس کے بعد اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کوئی زہریلا مواد شامل تھا جس کی وجہ سے یہ فوڈ پوائزننگ ہوئی۔
جاں بحق اور متاثرہ بچوں کی تفصیلات:محمد سلمان ولد محمد کورا (عمر: 6 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ): بدقسمتی سے محمد سلمان موقع پر ہی دم توڑ گئے اور انہیں ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکا۔محمد عثمان ولد الطاف (عمر: 4 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)شمشیر ولد الطاف (عمر: 3 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)لقمان ولد منیر احمد (عمر: 3 سال، بستی بدھا نیئر آر ایچ سی خانقاہ)

بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر محمود بخاری نے تصدیق کی ہے کہ تینوں بچوں کو ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔

مقامی پولیس نے اس دلخراش واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوڈ پوائزننگ کی اصل وجہ جاننے کے لیے کھانے کے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹری بھیجے جائیں گے تاکہ زہریلے مادے کی موجودگی کی تصدیق کی جا سکے۔

Shares: