بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے 10رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارتِ داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کیپٹن (ریٹائرڈ) خرم آغا اور انسپکٹر جنرل آف پولیس، اسلام آباد سید علی ناصر رضوی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبد المعید، ہلال امتیاز (ملٹری) نے سینئر سٹاف افسران کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔

ڈائریکٹر جنرل اے این ایف کی جانب سے بحرینی وزیر داخلہ کو انسدادِ منشیات کے ضمن میں اے این ایف کی آپریشنل کامیابیوں، تربیتی امور اور منشیات کی طلب میں کمی کے جاری پرگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی اے این ایف نے معزز مہمان کو آگاہ کیا کہ اے این ایف محدود وسائل اور کم افرادی قوت کے باوجودنہ صرف ملکی سطح بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منشیات اسمگلنگ کے خلاف موثر انداز میں کردار ادا کر رہی ہے۔ بحرینی وزیر داخلہ نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور انسداد منشیات کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے حال ہی میں اے این ایف کی جانب سے خلیج تعاون ممالک (GCC)کے مابین منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد کے حوالے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور مستقبل میں اس مشترکہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا اور کہا کہ بحرین منشیات کی روک تھام اور انسدادِ منشیات کے ضمن میں تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

Shares: