وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ ایف آئی اے نے کامیاب کاروائی میں بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کی ایک ارب 12 کروڑ کی منی لانڈرنگ، ہنڈی حوالہ نیٹ ورک اور سفاری ہسپتال کو فرنٹ آفس بنانے کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لیے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے حقوق محفوظ اور قانون شکنوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کی جانب سے اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے باہر بھیجے جا رہے تھے۔ یہ سارے پیسہ ایک اسپتال میں رکھا گیا تھا ایف آئی اے نے جب چھاپہ مارا تو اس ریکارڈ کو آگ لگائی جا رہی تھی،اگر کچھ چھپانے کو نہ ہوتا تو ریکارڈ جلانے کی ضرورت کیوں پیش آتی؟ زیادہ تر دستاویزات ایف آئی اے نے برآمد کر لی ہیں، جو ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کے منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا ثبوت ہیں۔ اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔ ایف آئی اے تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے، مفرور افراد کی معلومات بھی حاصل ہو چکی ہیں۔ جلد مزید حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔

Shares: