باجوڑ میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گھر تباہ ہو گئے جبکہ مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق باجوڑ میں جبراڑئی کے علاقے میں سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ 17 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے،ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی تحصیل سالارزئی کے علاقہ جبراڑئی میں امدادی کاموں کے نگرانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر میں کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے،یہ افسوسناک حادثہ لوئر دیر کے علاقے میدان میں پیش آیا جہاں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی سمیت 5 افرادجاں بحق ہوگئے۔حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Shares: