بلوچستان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز
باغی ٹی وی: بلوچستان کے 16اضلاع میں پانچ روزہ پولیو مہم کل سے شروع ہوگی، مہم کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
کوئٹہ میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹرراشد رزاق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے 16 اضلاع کی 438 یونین کونسلز میں کل سے شروع ہو رہی ہے۔ ان اضلاع میں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ ، جعفر آباد، نصیرآباد ،لورالائی، خضدار، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، دکی، موسی خیل، مستونگ، شیرانی، ژوب، اورصحبت پور شامل ہیں۔
صوبے کے 18اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے جبکہ مہم کے لیے 16 ہزار731 تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
کوآرڈینیٹر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ 15ہزار 965 موبائل،708 ٹرانزٹ اور 58رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 4 ہزار 385ایریا انچارجز بھی تعینات کیے گئے ہیں اور 26ہزار719اہلکار پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے مامور ہونگے۔
واضح رہے کہ مہم کے دوران37 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔