سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 7 بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں،سیکیورٹی فورسز کا قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو شکست فاش دی گئی،دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، حکومت پاکستان اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے،