حکومت بلوچستان نے صوبے کی ترقی، عوام اور تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ’ بینک آف بلوچستان’ کے قیام کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں بینک آف بلوچستان کے قیام کی ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ پیش کی گئی، جسے قابلِ عمل قرار دیا گیا، وزیر اعلیٰ نے ایک ہفتے کے اندر آپریشنل پلان مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بینک آف بلوچستان کے قیام سے صوبے کے عوام، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو معیاری اور آسان بینکنگ سہولیات میسر ہوں گی، اس منصوبے کے ذریعے بلوچستان کی معیشت میں نمایاں ترقی ہوگی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور بینک صوبہ بلوچستان کی معیشت میں ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا، بینک صوبائی وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرے گا۔
اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے ماہرین نے آن لائن شرکت کی اور بینک آف بلوچستان کے قیام کے منصوبے کو جلد از جلد فعال بنانے پر اتفاق کیا۔