متحدہ عرب امارات نے بلوچستان کے طالب علموں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے منتخب کیے گئے 25 طالب علموں کو متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ ان منتخب طالب علموں میں پانچ طالبات بھی شامل ہیں، جو اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں گی۔
یہ سکالرشپ پروگرام بلوچستان کے طلباء کو عالمی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے نئے دروازے کھولنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ منتخب طلباء مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کریں گے اور انہیں متحدہ عرب امارات کے معروف تعلیمی اداروں میں بہترین تدریسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔اس سکالرشپ کا مقصد پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے ملک اور صوبے کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکیں۔
سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء اور طلبات نے اس موقع پر حکومت پاکستان، متحدہ عرب امارات اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سکالرشپ ان کے تعلیمی سفر میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور انہیں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ منتخب طلباء کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے ملک اور صوبے کا فخر بنیں گے اور اپنے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔یہ پروگرام نہ صرف بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیم کے لیے اہم ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔