ایس پی او اور سیو دی چلڈرن کے زیر اہتمام ”کم عمری و جبری شادی“ کے موضوع پر ڈیرہ مراد جمالی کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یہ ورکشاپ مختلف سیشنز پر مشتمل تھی ۔ ایس پی او اور سو دی چلڈرن کے افسران نے موضوع کی مناسبت سے شرکاء کو آگاہی دی جبکہ ورکشاپ کے شرکاء کی جانب سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں لڑکیوں کی کم عمری و جبری شادی کے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس حساس مسئلے کے تدارک کیلئے شعور و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا ۔ ایک سروے رپورٹ کی روشنی میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں صرف 12 فیصد والدین اپنی بیٹیوں سے ان کی رائے معلوم کر کے شادیاں کراتے ہیں جبکہ 88 فیصد لڑکیوں سے ان کی رائے معلوم کیے بغیر ان کی مرضی کے خلاف کم عمری میں شادیاں کرائی جاتی ہیں جس کے باعث ایسی بچیوں کی ازدواجی و معاشی زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوت ہیں ۔
شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کم عمری اور جبری شادی کے منفی رجحان کے تدارک کے لیے تعلیم عام کی جائے اور شعور و آگاہی کی خصوصی مہم چلائی جائے اس مہم میں سیاسی و قبائلی رہنمائوں اور علمائے کرام کو شامل کیا جائے جبکہ اس منفی رجحان کے خاتمے اور روک تھام کے لیے ملکی قوانین پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، دوران ورکشاپ موضوع کی مناسبت سے مرد و خواتین پر مشتمل 5 گروپ ڈسکشن تشکیل دیے گئے جنہوں نے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے تجاویز و سفارشات پیش کیں ۔ ورکشاپ کے آخر میں این جی اوز کے افسران نے بتایا کہ اس حوالے سے نصیر آباد اور جعفر آباد سمیت بلوچستان کے چار اضلاع میں مقامی رجسٹرڈ تنظیموں کی توسط سے شعور و آگاہی کی مہم چلائی جائے گی اور تنظیموں میں خواتین کی موثر نمائندگی کو لازمی قرار دیا گیا۔ ورکشاپ سے خطاب کرنے والوں میں ایس پی او کے ریجنل مینجر امداد علی، جمیل اصغر بھٹی مینیجر پراجیکٹ اینڈ گرانٹس ، رابعہ خان چائلڈ پروٹیکشن اسپیشلسٹ، صائمہ جاوید ایڈوائزر ایکوائٹی ، مہر النساء رپورٹنگ اینڈ مانیٹرنگ آفیسر ، علی مراد ٹالپر رپورٹنگ آفیسر، محمد نعیم P Q E l سیو دی چلڈرن ، منزہ علی پراجیکٹ مینیجر شامل ہیں ۔
ورکشاپ میں ایس پی او کے ایڈمن اینڈ فناس آفیسر ثناء اللہ کاکڑ ، کاشف جاوید آئی ٹی اسپیشلسٹ اور عبدالرزاق لغاری ڈسٹرکٹ سپروائیزر جعفر آباد موجود تھے جبکہ ڈی ای او نصیر آباد عبدالحمید ابڑو سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں عبدالسلام بلوچ ، نذیر احمد بھنگر ، آغا نیاز مگسی، ولی محمد زہری ، عبدالکریم مینگل، باز محمد پیچوہا، محمد مٹھل بھنگر ، سوالی خان کورار ، اختیار عمرانی، حبیب اللہ سیال، خالد بیدار، اصغر علی ڈومکی، نظام الدین محمد حسنی ، وڈیرہ عاشق حسین عمرانی ، شوکت عمرانی ، نور احمد عمرانی ، امان اللہ بلیدی، محمد رفیق مینگل، دریا خان بنگلزئی و دیگر شامل تھے ۔