بلوچستان میں شدید بارشیں، سیلاب نے تباہی مچادی، مکانا ت تباہ ہو گئے، شہری کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں،بلوچستان میں طوفانی بارش کے بعد مختلف واقعات میں 29 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوئے ہیں
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کہیں مکانات کو نقصان پہنچا تو کہیں برساتی ندی نالوں کو اونچے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، دکی، زیارت، سنجاوی، لورالائی، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، کوژک ٹاپ، شیلاباغ، گلستان اور خواجہ عمران میں موسلادھار بارشیں ہوئیں جس دوران قلعہ سیف اللہ کےعلاقے تلری اور موسیٰ زئی میں بڑے پیمانے پر مکانات کو نقصان پہنچا،شدید بارشوں کے باعث دیگر مختلف شہروں کے پہاڑی برساتی ندی نالوں میں اونچے درجے کاسیلاب ہے جب کہ دکی، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں 6 افراد ریلوں میں بہہ گئے جن کی تلاش جاری ہے،شدید بارشوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں3 گاڑیاں بہہ گئیں تاہم لوگ محفوظ رہے،
جھل مگسی میں مسافر گاڑی سیلاب میں بہہ گئی جس کے بعد گاڑی میں سوار 5 افراد نے درختوں پر پناہ لی جنہیں بعد میں ریسکیو کر لیا گیا،جھل مگسی میں ہی کار ریلےمیں بہہ گئی جس دوران ڈرائیور کو بچالیاگیا، ہرنائی کی کھوسٹ ندی کے ریلے میں 2 افراد پھنس گئے، سیلابی ریلوں کی وجہ سےہرنائی کوئٹہ روڈ پر ٹریفک معطل ہوگیا
بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں ڈیرہ مراد جمالی سول اسپتال اور پولیس تھانہ بارش کے بعد زیرِ آب آ گئے ،ڈیرہ بگٹی سے آنے والا 1500 کیوسک سیلابی پانی پٹ فیڈر میں داخل ہو چکا، سندھ بلوچستان سرحد سنٹ کے مقام پر لیویز چیک پوسٹ سیلابی ریلے میں بہہ گئی ہے، ضلع نصیر آباد میں 36 گھنٹے کی مسلسل بارش میں تقریباً 20 مکانات گر گئے ہیں،شاہ پور گاؤں میں تقریباً 20 مکانات گر کے تباہ ہو گئے ہیں،ڈیرہ مراد جمالی ریلوے اسٹیشن پر ریلوے ٹریک بارش کے پانی میں ڈوب گیا، پنجگور میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے موبائل اور لینڈ لائن فون سروس معطل ہے لیکن اس کے برعکس انتظامیہ اس معاملے کا نوٹس لینے میں ناکام رہی ہے
صوبائی حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں کی روانگی، متاثرین کے لیے عارضی رہائش گاہوں کا قیام، اور خوراک و دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی شامل ہیں۔ صوبائی حکومت کے مطابق وہ ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ صورتحال کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔