بلوچستان حکومت نے پی ٹی آئی کے جلسے کی اجازت مسترد کردی، سیکیورٹی خدشات کے باعث الرٹ جاری
بلوچستان حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سیکیورٹی خدشات اور صوبے میں بڑھتے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے 7 نومبر کو کوئٹہ میں بڑے سیاسی جلسے کا اعلان کر رکھا تھا، تاہم حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس کی بنیاد پر اجازت دینے سے انکار کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے، لہٰذا کسی سیاسی یا عوامی اجتماع کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسے، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے یا امن و امان کی صورتحال سے بچا جا سکے۔سیکیورٹی اداروں نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، خاص طور پر کوئٹہ، مستونگ، خضدار اور تربت سمیت حساس اضلاع میں گشت اور نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔








