بنگلہ دیش میں حالیہ بدامنی کے دوران 600 سے زائد ہلاکتیں، اقوام متحدہ کا احتساب اور انصاف پر زور

0
46
bangla protest

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 16 جولائی سے 11 اگست 2024 کے دوران بنگلہ دیش میں شدید احتجاج اور عوامی بدامنی کے دوران 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ "بنگلہ دیش میں حالیہ احتجاج اور بدامنی کے ابتدائی تجزیہ” کے عنوان سے جاری کی گئی رپورٹ میں ملک میں جاری تاریخی عبوری دور میں احتساب، انصاف اور قومی مصالحتی عمل کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 16 جولائی سے 4 اگست تک تقریباً 400 اموات کی اطلاع ملی، جبکہ 5 اور 6 اگست کے درمیان نئے مظاہروں کے دوران مزید 250 افراد ہلاک ہوئے۔ یہ پرتشدد واقعات اس وقت شروع ہوئے جب سول سروس کے عہدوں کے لیے کوٹا سسٹم کی بحالی کے بعد طلباء کے پرامن احتجاج نے شدت اختیار کی۔ تاہم، یہ صورتحال جلد ہی پرتشدد ہوگئی اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں نہ صرف مظاہرین بلکہ راہگیر، واقعات کی کوریج کرنے والے صحافی، اور سیکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔ اسپتال زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث بھر گئے، اور کرفیو اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث معلومات جمع کرنے میں مشکلات کے باعث ہلاکتوں کی تعداد کم ظاہر کی گئی۔ مزید یہ کہ، ریاستی حکام کی جانب سے اسپتالوں کو ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات فراہم کرنے سے روک دیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "ایسی قوی علامات موجود ہیں جو اس بات کی متقاضی ہیں کہ سیکیورٹی فورسز نے صورتحال کے جواب میں غیر ضروری اور غیر متناسب طاقت کا استعمال کیا۔” اضافی الزامات جن کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، ان میں ماورائے عدالت قتل، من مانی گرفتاریاں اور حراست، جبری گمشدگیاں، تشدد اور اظہار رائے اور پرامن اجتماع کی آزادیوں پر سخت پابندیاں شامل ہیں۔
بنگلہ دیشی حکومت کے 5 اگست 2024 کو استعفیٰ دینے کے بعد مزید افراتفری اور انتشار پھیل گیا۔ رپورٹ میں لوٹ مار، آتش زنی، مذہبی اقلیتوں پر حملوں، اور سابق حکمران جماعت کے ارکان اور پولیس کے خلاف انتقامی قتل کے واقعات کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ 15 اگست کو، سابق وزیراعظم کے حامیوں پر بامبو کے ڈنڈوں، لوہے کی سلاخوں اور پائپوں سے مسلح ہجوم نے حملہ کیا۔ صحافیوں پر بھی حملے کیے گئے اور انہیں واقعات کی فلم بندی سے روکا گیا۔رپورٹ میں قانون اور نظم و ضبط کی جلد بحالی کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے، اور مزید جانوں کے ضیاع، تشدد اور انتقامی کاروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ "قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار کے مطابق طاقت کے استعمال کے بارے میں واضح ہدایات اور تربیت حاصل کرنی چاہیے۔ انہیں اقلیتی برادریوں سمیت خطرے میں پڑنے والے افراد کو انتقامی یا جوابی تشدد سے بچانا چاہیے۔”
اعلیٰ کمشنر نے مختلف طلباء تنظیموں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر افراد کی جانب سے اقلیتی برادریوں اور ان کے مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے گروپ بنانے کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔ عبوری حکومت نے بھی ان اقدامات کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار تمام افراد کو جوابدہ بنایا جانا چاہیے، بشمول وہ لوگ جنہوں نے غیر ضروری اور غیر متناسب طاقت کے استعمال کا حکم دیا یا اسے انجام دیا، اور متاثرین کو معاوضہ اور مؤثر علاج فراہم کیا جانا چاہیے۔ترک نے طویل مدتی سیاسی قیدیوں سمیت ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا اور تمام من مانی طور پر قید افراد کی رہائی پر زور دیا۔ رپورٹ میں عدلیہ، سیکیورٹی سیکٹر اور دیگر اداروں میں تقرریوں اور برطرفیوں کے لیے منظم طریقہ کار اپنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

Leave a reply