میرپور میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان بنگلادیش نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 111 رنز کا ہدف بنگال ٹائیگرز نے صرف 15.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
بنگلادیش کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو اُن کے حق میں ثابت ہوا۔ پاکستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہو گیا۔ صرف 46 رنز پر گرین شرٹس کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔فخر زمان واحد بیٹر تھے جنہوں نے مزاحمت کی، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 44 رنز بنائے اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 6، محمد حارث 4، کپتان سلمان علی آغا 3 اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
خوشدل شاہ 17 اور محمد نواز 3 رنز بنا سکے، جب کہ عباس آفریدی نے 3 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 110 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مستفیض الرحمٰن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بنگلادیش نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب کیا۔ ابتدائی دو وکٹیں 7 رنز پر گرنے کے باوجود پرویز حسین اور توحید ہردوئی نے زبردست شراکت داری قائم کرتے ہوئے اسکور کو 80 رنز تک پہنچا دیا۔توحید ہردوئی نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے جبکہ پرویز حسین نے 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے شاندار 56 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 2 اور عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیونز:
پاکستان: سلمان علی آغا (کپتان)، فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، ابرار احمد، سلمان مرزا، عباس آفریدی۔
بنگلادیش: لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین، توحید ہردوئی، ذاکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، رشاد حسین، تنظیم حسن۔