پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 74 رنز سے شاندار کامیابی حاصل کر لی، تاہم سیریز 1-2 سے میزبان ٹیم کے نام رہی۔

شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔ اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا، صاحبزادہ فرحان نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ صائم ایوب نے 21 رنز بنائے۔دیگر نمایاں بیٹرز میں حسن نواز 33 اور محمد نواز 27 رنز کے ساتھ شامل رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 اور نسوم احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کی نپی تلی بولنگ کے سامنے 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں، فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان جبکہ خوشدل شاہ کی جگہ حسین طلعت کو شامل کیا گیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، عباس آفریدی، احمد دانیال اور سلمان مرزا شامل تھے۔

یاد رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں بنگلہ دیش نے ابتدائی دونوں میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی، اور تیسرے میچ میں شکست کے باوجود سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 33 غیر ملکی شہری گرفتار

Shares: