بنگلہ دیش میں جو تبدیلی آئی ہے، وہ ایک عوامی تحریک کا نتیجہ ہے. خواجہ آصف

0
73
khwaja asif

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیاسی تبدیلیوں پر اہم بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں جو تبدیلی آئی ہے، وہ ایک عوامی تحریک کا نتیجہ ہے اور پاکستان اسے بنگلہ دیش کا اندرونی معاملہ سمجھتا ہے۔وزیر دفاع نے اپنے بیان میں بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "ہم دعاگو ہیں کہ بنگلہ دیشی عوام کا ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہے اور وہاں کی نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ رہے۔”خواجہ آصف نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "ہمارا تاریخ کا ایک لازوال رشتہ ہے۔ مسلم لیگ کا جنم بنگال میں ہوا۔ قرارداد پاکستان شیر بنگال نے 1940 میں لاہور میں پیش کی۔ بنگال نے مسلم لیگ کا جھنڈا بلند رکھا اور مسلم لیگ کی حکومت بنی۔”
انہوں نے مغربی پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا، "ماسوائے چند کے، مغربی پاکستان سے حکمران انگریزوں کے ٹاؤٹ، بیوروکریٹ اور جاگیردار گدی نشین تھے۔ مغربی پاکستان کے سیاستدان آخری وقت تک انگریزوں سے وفاداری نبھاتے رہے۔”وزیر دفاع نے اپنے بیان کے اختتام پر دونوں ملکوں کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "دعا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان دو آزاد ریاستیں آزادی کی قدر کریں، معاشی خود مختاری حاصل کریں اور ایک آزاد اسلامی معاشرے کو فروغ دیں۔”

Leave a reply