خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کی بغاوت کا سرغنہ قرار دیا

0
73
khwaja asif

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان 9 مئی کی بغاوت کے سرغنہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی معافی بھی مانگ لیں تو انہیں رہا نہیں کیا جائے گا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کا بیانیہ پٹ گیا ہے یا نہیں، یہ وقت ہی بتائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی 9 مئی کی بغاوت کے سرغنہ ہیں اور اس حوالے سے ثبوت موجود ہیں کہ یہ سارا پلان انہی کا بنایا ہوا تھا۔بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جو کچھ عمران خان نے کیا اس پر معافی نہیں دی جا سکتی۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر عمران خان کے دور میں لوگوں کو فوجی عدالتوں میں سزائیں سنائی گئیں اور جیلوں میں ڈالا گیا تو آج ایسا کیوں نہیں ہو سکتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر عمران خان معافی مانگ بھی لیں تو انہیں جیل سے رہائی نہیں ملے گی کیونکہ 9 مئی کا کچھ بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ملک پر حملہ کیا گیا اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، اس کے واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کے فوٹیج سامنے کیے جائیں اور ملوث افراد پارٹی سے نکال دیں گے۔ خواجہ آصف کا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی مشروط معافی کی پیشکش پر بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہیے کہ 9 مئی کا واقعہ ریاست کے خلاف بغاوت تھا۔

Leave a reply