پی ٹی آئی کے نامزد وزارت عظمیٰ کے امیدوار عمر ایوب نے کہا ہے ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ کس چیز سے خائف ہیں؟ ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا، ہم اپنے حق کیلئے سپریم کورٹ جائیں یا عالمی عدالت جائیں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ دینا قابل مذمت ہے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات آ رہے ہیں، اپنے لیڈر سے ملاقات کرنی ہے، عدالت نے آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کی اجازت دی، جج صاحب کا آرڈر اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کو بھیج رکھا ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے، ہمیں آئینی و قانونی حق کیوں نہیں دیا جا رہا؟ ہم دوبارہ جا کر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔عمر ایوب نے کہا کہ کیا ہم اپنے لیڈر سے ملاقات کی اجازت کے لیے عالمی عدالت جائیں؟ انٹرا پارٹی الیکشن ہیں اور دیگر معاملات ہیں، لیڈر سے مشاورت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ پاکستان میں قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے۔ محسن نقوی، ڈاکٹر عثمان، آئی جی جیل خانہ جات اور وزیراعظم کس چیز سےخائف ہیں؟عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے، ملاقات کرنا میرا قانونی حق ہے جس سے محروم رکھا جارہا ہے، بتایا جائے کہ ہم کہاں جائیں، میں احکامات لے کر واپس عدالت جارہا ہوں۔

Shares: