خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقہ میریان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک اہم پولیس آپریشن کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جب دہشت گردوں کا استعمال شدہ ڈرون تکنیکی خرابی یا غلطی کے باعث اُنہی کے ساتھیوں پر گر پڑا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان نے میڈیا کو بتایا کہ خفیہ اطلاعات پر بنوں کے علاقہ میریان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مربوط کارروائی کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران پولیس نے بکتربند گاڑیوں، ڈرون، تھرمل ویپنز اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا، جبکہ علاقے کا مکمل محاصرہ بھی کر لیا گیا۔آر پی او سجاد خان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے میریان پولیس اسٹیشن پر کواڈکاپٹر کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی، تاہم اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے اس حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ اسی دوران دہشت گردوں کا ایک ڈرون نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے ہی ٹھکانے پر گر گیا، جس سے متعدد دہشت گرد موقع پر ہلاک یا شدید زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردوں کی صفوں میں افراتفری اور خوف کا سبب بنا، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں مکمل الرٹ ہیں۔آر پی او بنوں نے مزید کہا کہ پولیس سکیورٹی فورسز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اگر ضرورت پڑی تو علاقے میں مزید آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔

Shares: