بنوں کے علاقے خوجڑی کے 23 ماہی گیر عمان کی سمندری حدود میں حادثے کا شکار ہوگئے، جن میں سے ایک کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ 22 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ ماہی گیر 6 ستمبر کو گوادر سے لانچ پر مچھلیاں پکڑنے کے لیے عمان گئے تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب لانچ کے کمپریسر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے پوری کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس دوران قریبی بحری جہاز کے عملے نے ایک ماہی گیر کو زندہ بچالیا تاہم باقی 22 افراد کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔بنوں سے رکنِ قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے بعد سے لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ عمانی حکام کے ساتھ فوری رابطہ کرکے لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب ماہی گیروں کے اہل خانہ شدید کرب اور بے چینی میں مبتلا ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ عمان میں پاکستانی سفارت خانے سے مسلسل رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن تاحال کوئی مدد یا تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت پاکستان اور عمانی حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کرکے ان کے پیاروں کو تلاش کیا جائے۔