بنوں کے حساس علاقے تھانہ میریان کی حدود نورڑ میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف پاک فوج، بنوں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی جانب سے ایک بڑا انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ آپریشن انتہائی حساس معلومات کی بنیاد پر شروع کیا گیا، جس میں شرپسند عناصر کی موجودگی اور ان کی نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئیں تھیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں، سلیم عباس کلاچی خود اپنی خصوصی پولیس ٹیم کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے کتنے سنجیدہ ہیں۔

ڈی پی او بنوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن کا مقصد علاقے کو شرپسندوں سے مکمل طور پر پاک کرنا اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں کو ہر حال میں امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہر قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار اور الرٹ ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Shares: