بنوں میں تھانہ بسیہ خیل کے قریب دوہ غوڑا پل پر بدھ کی صبح زور دار خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور موقع پر ہلاک ہو گیا۔

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور امدادی اداروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا۔پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق ایک موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے مقام سے ایک تباہ شدہ موٹرسائیکل اور حملہ آور کی لاش ملی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے میں حملہ آور کے علاوہ کسی اور جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور فارنزک ٹیموں نے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی نوعیت، حملہ آور کی شناخت اور اس کے ممکنہ سہولت کاروں کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ سیکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔حکام کے مطابق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔

Shares: