بنوں: دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 اہلکار شہید
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2025/02/bannu.jpg)
بنوں (باغی ٹی وی) دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ضیاء اللہ اور رحیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فتح خیل پولیس چوکی پر یہ تیسرا حملہ ہے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے، جب کہ پولیس چوکی کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ رقم کی ہے، اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بنوں سمیت اردگرد کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حساس مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ مشتبہ عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔