خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشتگرد حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے، 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا، ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے، دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا،پولیس کے مطابق شہید اہلکارکی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں، پولیس کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے، باقی فرار ہو گئے ان کے دیگر دم دبا کر ساتھی فرار ہوگئے، ریسکیو نے زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس چوکی فتح خیل پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت اور ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی،محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کی ہلاکت پر پولیس کو خراج تحسین کرتے ہیں۔