بین الاقوامی میڈیا سے رابطوں کیلئے "کافی ٹائم” وزیرخارجہ نے کیا بریفنگ دی؟ اہم خبر
اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے ذریعے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے “کافی ٹائم “کے عنوان سے بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقاتوں کے سلسلے کا آغاز کرتے ہوئے کیا جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اہم خارجہ پالیسی امور کو بین الاقوامی میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ “کافی ٹائم ” دراصل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے روابط کے فروغ کیلئے شروع کئے گئے سلسلے “ایف ایم کنکٹ” کی ایک کڑی ہے جس کے تحت وزیر خارجہ دانشوروں، سماجی رہنماوں، تھنک ٹنکس، ماہرین تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم شخصیات کے ساتھ میٹنگز کریں گے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور ایف ایم کنکٹ کے تحت ملاقاتوں کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے گا ۔ “کافی ٹائم “بین الاقوامی میڈیا سے رابطے کی پہلی بیٹھک پیر کو وزارت خارجہ میں ہوئی۔
اس ملاقات میں پاکستان میں بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 106 دن سے جاری بدترین محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے مفصل اظہار کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے ذریعے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے۔ امریکی کانگریس کے ٹام لنٹاس کمیشن، کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ رپورٹ نے، جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارت سرکار کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد ہے انٹرنیٹ سروسز تا حال معطل ہیں ، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں کو مقبوضہ وادی میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تاکہ حقائق کو چھپایا جا سکے۔ پاکستان، نے کرتارپور راہداری کی صورت میں دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم مذہبی آزادی اور رواداری کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان، “افغان امن عمل” سمیت خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مصالحتی کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔
نواز شریف کے ساتھ کتنے میں ڈیل ہوئی؟ مریم نواز کو جانے دیا جائیگا یا نہیں؟ شیخ رشید نے بتا دیا
نواز شریف کی طبیعت کیسی؟ کہاں سے علاج کروانا چاہتے ہیں، مریم نے اظہار کر دیا
انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو روکنے اور اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقات کیلئے “کافی ٹائم” کے نام سے شروع کیا گیا یہ سلسلہ انشاءاللہ جاری رہے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان نے اس نئے سلسلے”کافی ٹائم” کو سراہتے ہوئے،بین الاقوامی میڈیا کوخصوصی توجہ دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔