لنڈی کوتل(باغی ٹی وی)باڑہ میں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر لوڈر کی ڈگھی میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، ملزم گرفتار، مقدمہ درج۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سرکل افسر باڑہ سوالزار خان کی نگرانی میں ایس ایچ او باڑہ ہردم گل، تکیہ چوکی انچارج حمید خان اور دیگر پولیس اہلکاروں نے علاقے برقمبرخیل میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک ٹریکٹر لوڈر کو روکا۔ تلاشی کے دوران ٹریکٹر لوڈر کی ڈگی میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں، جن میں 125 کلوگرام افیون اور 200 کلوگرام چرس شامل ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اقبال خان کو گرفتار کر لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی جی اور سی سی پی او نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ "منشیات کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانے کے لیے کریک ڈاؤن بلا تفریق جاری رہے گا۔”