برفباری سے متاثرہ افراد کی کیسے مدد کریں گے؟ فردوس عاشق اعوان نے بتا دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد جموں کشمیر میں برفانی تودا گرنے کے بعد کی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر مشکلات سے دوچار شہریوں اور متاثرین کی بھرپور امداد کے احکامات دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت زخمیوں کے بھرپور علاج معالجے کیلئے ہدایات دیں ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت اور متعلقہ محکموں کے اشتراک عمل سے متاثرہ خاندانوں اور شہریوں کی مدد کیلئے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔

سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے 10 افراد تاحال لا پتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے 30 گھر بھی تباہ ہوئے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ کوئٹہ سے خانوزئی جانے والے 300 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، چاغی اور مند میں پھنسے لوگوں کو 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

Shares: