گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ بالکل جائز ہے اور اس سلسلے میں پنجاب حکومت سے بات چیت کی جائے گی تاکہ ان اضلاع کو سرکاری طور پر آفت زدہ قرار دیا جا سکے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان حالیہ بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے چکوال پہنچ گئے،ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی چکوال راجہ رضوان ڈنڈوت سمیت دیگر قیادت نے بلکسر انٹر چینج پر سردار سلیم حیدر کو خوش آمدید کہا،چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ دنوں چکوال میں ریکارڈ 450 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث علاقے میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ گورنر آفس بھی بھرپور تعاون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ چکوال میں بارشوں سے نقصانات کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے سروے جاری ہے تاکہ متاثرین کو بروقت مالی امداد فراہم کی جا سکے اور نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔
سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ بارشوں کی شدت اور تباہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے چکوال اور جہلم کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ متاثرہ علاقوں کو ترقی کے معمول پر لایا جا سکے۔گورنر پنجاب نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کے تعاون سے متاثرین کی مدد کریں اور قدرتی آفات کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔