بارش کے بعد چڑیا گھر میں تالاب کا منظر،جانوروں کے پنجرے جوہڑ بن گئے

0
62
lahore

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے جہاں سڑکیں ، گلی محلے تالاب کا منظر پیش کر رہے تھے وہیں چڑیا گھر میں پانی جمع ہو چکا تھا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لکشمی سمیت کئی علاقوں کا دورہ کیا اور پانی نکالنے والے واسا کے عملے کو شاباش دی، تا ہم لاہور کی تفریح گاہ ، تاریخی چڑیا گھر جو بارش کے بعد پانی سے بھر چکا تھا وہاں سے پانی نکالنے کا کسی کو خیال نہیں آیا،چڑیا گھر کے حکام بھی سوئے رہے،بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوا شہری چڑیا گھر بچوں کے ہمراہ سیر کے لئے پہنچے تو چڑیا گھر پانی سے بھرا ہوا تھا

لاہور کا تاریخی چڑیا گھر سال بھر سے زائد کی بندش کے بعد کھلنے پر بارش کے بعد تالاب کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ جانوروں کے پنجرے باقاعدہ جوہڑ بنے ہوئے ہیں۔ شدید ترین گرمی میں شیروں کو درجہ حرارت نارمل رکھنے کے لیے برف کے بلاکوں کا روایتی اہتمام ندارد ہے بلکہ توڑ پھوڑ سے شیروں کے پنجروں کے اندر تک جولائی کی دھوپ انہیں ادھ موا کیے ہوئے ہے۔

چڑیا گھر کو گزشتہ برس ماہ نومبر میں ری ویپنگ منصوبے کی وجہ سے بندکیا گیا تھا، اس وقت نگران حکومت تھی اور پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی تھےجو اسوقت وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی ہیں،انہوں نے ری ویپنگ منصوبے کا افتتاح کیا تھا، منصوبے کے تحت لاہور چڑیا گھر کی ری ویپنگ 31 جنوری تک مکمل ہونی تھی جو مکمل نہیں ہوئی، عید الاضحیٰ تک چڑیا گھر بند رہا ، عید سے چند دن قبل کھولا گیا،اور بارش کے بعد اب کام کی قلعی کھل گئی ہے، ہر طرف چڑیا گھر کے اندر پانی ہی پانی نظر آ رہا، انتظامیہ کی جانب سے پانی کو نکالنے کی کوشش ہی نہیں‌کی گئی.چڑیا گھر سیر کے لئے آنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو چاہئے چڑیا گھر سے بھی پانی نکالے اور جانوروں کے پنجروں کی صفائی کا بھی انتظام کرے.

Leave a reply