بلوچستان کے علاقے گوادر میں مسلسل بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، 16 گھنٹے کی مسلسل بارش نے ہر چیز تباہ کر دی، مکین پریشان، حکمران خاموش، کوئی مدد کرنے کو تیار نہیں، کھلے آسمان تلے سرد موسم میں مکین رہنے پر مجبور ہو چکے ہیں
گوادر میں 2010 کے بعد اتنے بڑے پیمانے پر تیز بارش ہوئی ہے ۔تیز بارش کی وجہ سے پانی گھروں اور بازاروں میں داخل ہوگیا ہے ۔شہریوں کا سامان ڈوب گیا، شہری بے بس اور مدد کے منتظر ہیں، ایسے میں بلوچستان حکومت صرف بیانات دے رہی ہے ابھی تک کوئی مدد کو نہیں پہنچا،گوادر شہر اس وقت تالاب بن چکا ہے، مکانات اور گھروں کی چار دیواریاں زمین بوس ہورہی ہیں، شہر کے مکین بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ 90 فیصد گوادر پانی میں ڈوب چکا ہے۔ نکاس کا ناقص نظام، سڑکیں تالاب بن گئیں۔ حکومتی مشینری منظر سے غائب ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔گوادر میں 168.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ بارش کے باعث شہر کو بجلی کی فراہمی معطل اور کئی علاقوں موبائل نیٹ ورک بند ہوگئے ہیں،ادھر جیوانی کی حالت بھی انتہائی مخدوش ہے جہاں سیلابی صورتحال سے 3 برساتی بند ٹوٹ گئے اور کئی مکانات اور چاردیواریاں گرگئیں۔
گوادر میں مسلسل بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے، گزشتہ کئی گھنٹوں سے بارش کے جاری رہنے والے سلسلے میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کل سے ملک پر نئے سسٹم کے تحت ہیوی اسپیل دکھائی دے رہا ہے، سردیوں کی بارش عموماً اتنی شدت کی نہیں ہوتی، گودار میں اس بار غیر معمولی بارش ہوئی ہے اور گوادر میں ان مہینوں میں اتنی بارش پہلے کبھی نہیں ہوئی، گوادر میں کل دوبارہ تیز بارش کا امکان ہے
گوادر میں بارشوں سے تباہی،شہباز شریف کا اظہار تشویش
دوسری جانب نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے بارش سے ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سے ہمدردی ہے، مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں،شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان کےکارکنان کو متاثرین کی فوری امداد کرنے کی ہدایت کی ہے
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں، رابطہ سڑکیں زیرآب آنے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی،اور کہا کہ بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے آج بھی گوادر سمیت بلوچستان کے 14 اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کوئٹہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار مگسی کے مطابق گوادر میں منگل کو چند گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی جس کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی
انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کے لئے فوری اقدامات کرے،بلاول
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوادر میں بارش کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلسل برسات کی وجہ سے گوادر میں ہنگامی صورت حال پیدا ہوچکی ہے،گوادر میں برسات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال ہنگامی امدادی اقدامات کے متقاضی ہے،بارش کی وجہ سے گوادر کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہوچکا ہے، شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے مصیبت میں پھنسے گوادر کی شہریوں کی مدد کریں، انتظامیہ گوادر کے شہریوں کی مدد کے لئے فوری اقدامات کرے،
سابق وزیر اعلی عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ گوادر میں بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے،گوادر کو آفت زدہ قرار دیا جائے،