بارکھان : کنوئیں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد

بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ کے قریب کنوئیں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ایس پی بارکھان نے بتا یا کہ بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ کے نواح میں واقع کنویں سے خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برآمد شدہ لاشوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے لگ بھگ ہیں ،تینوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے جبکہ خاتون کے چہرے کو تیزاب ڈال کر مسخ کیا گیا ہے۔لاشیں شناخت کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال بارکھان منتقل کردی ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ کر کے رپورٹ تیار کی گئی ہے۔
فی الحال ان لاشوں کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ کون ہیں اور قتل کےوجوہات بھی معلوم نہیں ہوسکیں ،ذرائع کاکہنا ہے کہ قیاس کیاجارہاہےکہ شاید یہ لاشیں کہیں خان محمد مری کی فیملی کی نہ ہوں،یاد رہے کہ مبینہ طور پرخان محمد مری فیملی سمیت بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں قید ہے جس کی بازیابی کیلئے آل پاکستان مری اتحاد کی جانب سے مختلف فورمز پر احتجاج کاسلسلہ جاری ہے آل پاکستان مری اتحاد نے پاکستان کے مقتدر حلقوں سے اپیل کی ہے کہ مظلوم خان محمد مری کے فیملی کو سردار عبدالرحمان کھیتران کے نجی جیل سے بازیاب کرایا جاۓ.

Leave a reply