لاہور:شہر میں بسنت کیلئے ڈور اور پتنگ بنانے والوں کو ایک ہزار روپے رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے لئے رجسٹریشن فیس کی تفصیلات جاری کر دیں،حکام ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈور،پتنگ مینوفیکچررزکی رجسٹریشن فیس ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے،کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی فیس5ہزارروپے مقرر کی گئی،پتنگ سازوں،ڈورمینوفیکچررز رجسٹریشن کیلئےفارم اے،کائٹ ایسوسی ایشن فارم سی بھریں گے،پنجاب حکومت نے 6سے8فروری تک بسنت منانے کی مشروط اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ انتظامیہ نے رجسٹریشن کے لیے چار کیٹیگریز کے خصوصی فارم جاری کیے ہیں پتنگ ساز اور ڈور تیار کرنے والے افراد فارم "اے” کے تحت رجسٹر ہوں گے,رجسٹریشن کے بعد سرکاری سرٹیفکیٹ فارم "بی” کے ساتھ جاری کیا جائے گا، جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا,فارم "بی” میں جاری ہونے والا کیو آر کوڈ پتنگ اور ڈور پر لازمی طور پر چسپاں کیا جائے گا,یہی کوڈ پتنگ و ڈور فروشوں کی دکانوں اور بینرز پر بھی آویزاں ہوگا,دکان کے اندر فارم "بی” کا سرٹیفکیٹ نمایاں جگہ پر لگانا لازم قرار دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے پتنگ اور ڈور کے سائز، میٹریل اور معیار کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں ،پتنگ کا سائز 40 انچ سے زائد نہیں ہوگا،”گڈا” کی چوڑائی 30 انچ سے زیادہ نہیں ہو گی،ڈور کاٹن دھاگے سے تیار کی جائے گی،مانجا میں صرف گلو، سادہ رنگ، آٹا اور کمزور شیشہ استعمال کیا جا سکے گا،ڈور کے لیے صرف پنے کی اجازت ہوگی، چرخی کی تیاری ممنوع ہے،تیز مانجا، تندی، دھاتی تار اور کیمیکل مانجا مکمل طور پر ممنوع قرار دیے گئے ہیں،جبکہ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن فارم "سی” اور "ڈی” پر کی جائے گی۔

Shares: