اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں گدھے کے گوشت کے کاروبار کی انکشاف کے بعد خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں بھی ایک کارروائی کے دوران تازہ ذبح کیا ہوا گدھا برآمد کر لیا گیا ہے۔

یہ کارروائی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام اختر رسول کی قیادت میں کوزہ بانڈہ کے مقام پر ایک خفیہ اطلاع پر عمل میں آئی۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری بیان کے مطابق، مقامی انتظامیہ نے دو افراد کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ گدھے کا گوشت فوری طور پر تلف کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت اور زندگی سے کھیلنا ناقابل برداشت جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت کی اطلاع رکھتے ہوں تو فوری انتظامیہ یا پولیس کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک خفیہ سلاٹر ہاؤس سے گدھوں کا کئی من گوشت اور زندہ گدھے برآمد ہوئے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق اس سلاٹر ہاؤس میں گدھوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت اور کھالیں بیرونِ ملک اسمگل کی جا رہی تھیں۔

Shares: