بزمِ اُردو دبئی کے زیراہتمام جوش اُردو ایوارڈ 2020 کس پاکستانی شخصیت کو دیا جائیگا؟

0
44

بزمِ اُردو دبئی کے زیراہتمام جوش اُردو ایوارڈ 2020 کس پاکستانی شخصیت کو دیا جائیگا؟

گزشتہ 6 برس کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے رواں برس بھی بزم اردو دبئی کا سالانہ جلسہ رواں ماہ کی18 اور19تاریخ کو منعقد ہونا طے پایا ہے۔ اس برس کرونا وائرس کی قدغنوں کے رہتے بزم اردو کے دیگر پروگراموں کی طرح یہ جلسہ بھی آن لائن ہوگا۔

بزم اردو کا سالانہ جلسہ تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے، جس کا ایک حصہ ایوارڈ فنکشن ہوتا ہے جس میں اردو زبان کی بیش بہا خدمت کرنے والی ہستیوں کو جوش اردو ایوارڈ،علم دار اردو ایوارڈ اور پاسبان اردو ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ دوسرا حصہ رو بہ رو یعنیٰ کسی ایسی ہستی سے گفتگو پر مبنی ہوتا ہے جس نے اردو کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا ہو۔ تیسرا حصہ ثقافتی پروگرام ہوتا ہے جس میں بزم اردو دبئی ہر برس کچھ نیا تیار کر کے اردو والوں تک اپنی بات اور اپنے مقاصد پہنچانے کی کوشش کرتی ہے۔

رواں برس کا جلسہ بھی تین حصوں پر مشتمل ہوگا۔ اس برس کا جوش اردو ایواڈمشہور و معروف نثر نگار،سفرنامہ نگار، اداکار، ٹی.وی. ہوسٹ کالم نگار مستنصر حسین تارڑ کو پیش کیا جائیگا۔ مستنصر حسین تارڑ اردو ادب کا ایک جانا پہچانا نام ہے باالخصوص انہیں انکے سفرناموں اور ناولوں کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق مستنصر حسین تارڑ پاکستان کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے اردو لکھاری ہیں۔ انکی متعدد تصانیف روس کی یونیورسٹی کے اردو کے نصاب میں شامل ہیں۔

پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقوں میں انکے متعدد سفروں پر مشتمل انکے سفر ناموں کی مقبولیت کی وجہ سے ان علاقو میں سیاحت کو فروغ ملا، اور ان علاقوں میں ایک جھیل کا نام انکے نام پر ”تارڑ جھیل ” رکھا گیا ہے۔ موجودہ صورت حال کے مدّ نظر یہ ایوارڈ انکو لاہور میں انکے دولت خانے پر جا کر پیش کیا جائگا۔ دوسرے حصے یعنیٰ رو بہ رو میں گفتگو بھی مستنصر حسین تارڑ کے ساتھ کی جائیگی۔ ان کے ساتھ گفتگو کرنے کے لئے معروف شاعر رحمن فارس موجود رہینگے۔ یہ دونوں حصے ۸۱ دسمبرکی شام ۰۳.۷ بجے منعقد کئے جائنگے۔

تیسرے حصے میں اردو ثقافتی پروگرام کے تحت اس برس بزم اردو دبئی کی پیشکش” مشاعرہ ءِ رفتگاں ”، ایک تمثیلی مشاعرہ پیش کیا جائگا جسے بزم اردو دبئی نے ہندستان مشہور تھیٹر گُروپ، پیئرو ٹروپ، ساتھ مل کر خاص طور پر اس سالانہ جلسے کے لئے تیار کیا ہے۔ اس ڈرامہ میں تھیٹر کے مانے ہوئے اداکار امیر خسرو سے لے کر پروین شاکر، اور مرزا غالب سے لے کر فیض جیسے عہد ساز شعراء کے کردار میں نظر آئینگے۔ اس ڈرامہ کو پیٹریوٹ گروپ کے ڈائریکٹر، معروف ڈرامہ نگار اور اداکار ڈاکٹر سعید عالم نے لکھا اور اپنی ہدایت کاری سے سجایا ہے۔ ڈاکٹر سعید عالم کے متعدد ڈرامے دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔’ غالب اِن نیو ڈیلہی’ نام کا انکا ڈراما ہندستان میں سب سے زیادہ مرتبہ کھیلا جانے والا ڈرامہ ہے جسکے پانچ سو سے زائد شوز ہو چکے ہیں۔ اس ڈرامے کو انہوں نے فقط لکھا ہی نہیں ہے بلکہ اس میں غالب کا کردار بھی نبھایا ہے۔ ان کے اس نئے ڈرامے” مشاعرہ ءِ رفتگاں ” کا انعقاد ۹۱ دسمبر کی شام ۰۳.۷ بجے کیا جائگا

۔ اس دو روزہ جلسے کے سارے پروگرام بزم اردو دبئی کے فیس بُک پیج اور یو ٹیوب چینل پر نشر کئے جائنگے۔بزم کے جنرل سکریٹری ریحان خان نے جلسے کی تاریخوں اور پروگراموں کا علان کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور تمام اہل اردو کو اس جلسے میں شریک ہونے کی دعوت دی۔

Leave a reply