بینظیر بھٹو کی برسی، خیرپور سے ہزاروں کارکنوں کا قافلہ روانگی کے لیے تیار

میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق علی لغاری)سابق وزیراعظم اور شہید رہنما بینظیر بھٹو کی برسی کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس وسان ہاؤس خیرپور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سابق رکن قومی اسمبلی اور ضلعی صدر نواب علی وسان نے کی۔

اجلاس میں ضلعی جنرل سیکریٹری اعجاز کھوڑو، انفارمیشن سیکریٹری علی شیر مکول، ڈاکٹر غلام مصطفی سہاگ، پیر عبدالحق فاروقی، ضلعی چیئرمین نادر علی راجپر اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ خواتین ونگ، یوتھ ونگ، اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان بھی اجلاس کا حصہ تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے لیے خیرپور سے ہزاروں کارکنوں پر مشتمل قافلہ ضلعی صدر نواب علی وسان کی قیادت میں روانہ ہوگا۔ یہ قافلہ صبح 11 بجے ٹنڈو مستی بائی پاس سے گڑھی خدا بخش بھٹو کے لیے روانہ ہوگا۔

نواب علی وسان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں افراد برسی کے موقع پر شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔

اجلاس میں برسی کے انتظامات اور کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ رہنماؤں نے کارکنوں کو برسی میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔

Comments are closed.