بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں،صدر مملکت
صدرمملکت آصف علی زرداری نے خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے خواتین کو تعلیم اور ہنر فراہم کرنے اور ان کی مالی خودمختاری کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔صدرمملکت نے خواتین کے حقوق کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور ان کے خلاف تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے عالمی سطح پر تین میں سے ایک خاتون متاثر ہوتی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہر سال ہزاروں خواتین تشدد کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں کیونکہ وہ خواتین کے استحصال سے پاک معاشرہ تشکیل دینا چاہتی تھیں۔
واضح رہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد اب بھی دنیا میں سب سے زیادہ عام اور وسیع پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں سے ایک ہے۔