بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنی چاہئیے. زوالفقار بخاری

0
46

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ ملک کیلئے کام کا جذبہ رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، امپاور پاکستان کے نام سے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کردیا ہے، اورسیزپاکستانی پاکستان میں موجود نوجوانوں کے ان کی ایجادات، اختراعات اور نئی مہارتوں کی بنیاد پر سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لندن میں "پاکستان میں جدت اورسیاحت کے مواقع ” کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی ِافرادی وسائل اور چیئرمین پاکستان ٹرازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن ذوالفقار بخاری ، آئیڈیا جِسٹ (پرائم منسٹر اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم) کے بانی چیف ایگزیکٹو حسن سید ، یوکے-پاکستان سائنس اینڈ انوویشن گلوبل نیٹ ورک (UPSIGN)کے چیئرمین پروفیسر جواد ڈاراور سمندر پار پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ملک کیلئے کام کا جذبہ رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ہمارے ملک کے تارکین وطن بھی وطن واپس آکر اپنے ملک کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن پہلے حکومتی ادوار میں کوئی میکانزم نہیں تھا ۔ موجودہ حکومت نے امپاور پاکستان کے نام سے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جہاں پہ وہ پاکستان میں موجود نوجوانوں پہ ان کی ایجادات، اختراعات اور نئی مہارتوں کی بنیاد پر سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ قومی سطح پہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے اس پروگرام کے تحت پاکستان میں دس لاکھ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور دس ہزار نئے کاروباروں کی شروعات کی خاطرایک جامع اور پائیدار طریقہ کار کے تحت تربیت ، مشاورت اور سرمایہ کاروں تک رسائی فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی ترویج، ملازمت کے مواقع کی فراہمی، اور معاشی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔اس سلسلے میں دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل انکیوبیٹر آئیڈیا جِسٹ وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام میں اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے۔

تقریب سے خطاب میں آئیڈیا جِسٹ کے بانی حسن سید کا کہنا تھا کہ وہ اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام اور امپاور پاکستان پروگرام کے تحت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی پہ انکیوبیٹرز اور ایکسلریٹرز شروع کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔اس پروگرام میں سات ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جن میں تھری ڈی پرنٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، آگمنٹڈ رئیلٹی، بلاک چین انٹرنیٹ آف تھنگز، انٹیلیجنٹ گاڑیاں، اور اسمارٹ روبوٹ شامل ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل انکیوبیٹر پلیٹ فارم آئیڈیا جِسٹ کے تحت یہ پروگرام تدریسی و حکومتی اداروں اور صنعتوں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔مختلف نظام، آلات،کاروباری مشیران، کاروباری ماہرین، موجد، نئی مہارتوں پہ عبور رکھنے والے افراد اور سرمایہ کار ایک مشترکہ مقصد یعنی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی غرض سے باہمی تعاون کا عزم لیے ایک پلیٹ فارم پہ اکٹھے ہورہے ہیں۔ امپاور پاکستان سمندر پار پاکستانیوں کا نیٹ ورک ہے جو کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو کاروباری مشاورت ، رہنمائی اور بین الاقوامی سطح پہ سرمایہ کاروں تک رسائی فراہم کررہا ہے۔ان سمندر پار پاکستانیوں میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل افراد شامل ہیں جو کہ مادر وطن کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ ملک کی تمام یونیورسٹیاں، NAVTTC کے تحت فعال تمام ٹیکنیکل اور ووکیشنل ادارے اور رجسٹڑڈ دینی مدارس کو اسٹارٹ اپ ٹریننگ، انکیوبیشن اور ایکسلریشن کے پروگراموں کے لیے اعتماد میں لیا گیا ہے۔آئیڈیا جِسٹ نہ صرف نوجوانوں کو اشتراکی کاروبار کی سہولت مہیا کرے گا بلکہ انہیں کامیاب کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی جانب سے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔UPSIGN کے چیئرمین پروفیسر جواد ڈار نے تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کے اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام اور اس کے مرکزی حصے، آئیڈیا جِسٹ کوسراہا اور یقین دلایا کہ ان کا ادارہ پاکستان اور برطانیہ کے اداروں کے درمیان یونیورسٹیوں، عوامی و نجی اداروں، کاروباری شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کی تمام سطحوں پر مواصلات اور تعاون کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

محمد اویس

Leave a reply