بلوچستان کے ضلع ژوب میں دہشتگردی کے تازہ واقعے میں شہید ہونے والے غلام سعید کی شہادت نے میاں چنوں کے علاقے کو غم میں ڈوب دیا۔ شہید غلام سعید کا تعلق چک نمبر 72 پندرہ ایل سے تھا۔ جب ان کا جسدِ خاکی آبائی گھر پہنچا، تو ان کے والد غلام سرور کی بھی شدت غم کی وجہ سے موت ہو گئی
غلام سرور جو کافی عرصے سے بیماری کا شکار تھے، بیٹے کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی شدید صدمے میں مبتلا ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ غلام سعید کے بیٹے کی خبر سن کر وہ چھٹی لے کر گھر واپس آ رہے تھے، مگر قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔میاں چنوں میں واقع ان کے آبائی گاؤں 72 پندرہ ایل کے اسکول گراؤنڈ میں شہید غلام سعید اور ان کے والد غلام سرور کی مشترکہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں فوج کے دستے کے علاوہ سیاسی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔نماز جنازہ میں شریک افراد نے دہشتگردی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ شہداء کے خون کا انصاف کرے اور علاقے کو دہشتگردی سے پاک کرے تاکہ عوام سکون سے زندگی گزار سکیں۔