بیٹی کو چھیڑنے پر ماں نے جوتا اتار کر نوجوان کی ٹھکائی کر دی، واقعہ بھارت کا ہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے

اتراکھنڈ کے ضلع اُتّر کاشی کے علاقے متلی بندرکوٹ سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں ایک خاتون کو ایک نوجوان کو جوتوں سے بری طرح مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اس نوجوان پر الزام لگایا گیا کہ اس نے خاتون کی بیٹی کو چھیڑا اور ہراساں کیا، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون بار بار اپنے جوتے سے نوجوان پر حملہ کر رہی ہے، جبکہ اردگرد موجود لوگ خاموشی سے یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق، مذکورہ نوجوان مقامی پنکچر کی دکان پر کام کرتا ہے۔ ویڈیو اگرچہ چند دن پرانی بتائی جا رہی ہے، تاہم یہ حال ہی میں وائرل ہوئی اور سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے نوجوان فرار ہے۔ ہندو تنظیم کے ایک رکن سچندرا پرمار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا واقعے کے بعد سے وہ نوجوان لاپتہ ہے، اس کی موجودہ جگہ کے بارے میں کچھ علم نہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتظامیہ فوری کارروائی کرے اور اسے گرفتار کرے، حالیہ دنوں میں اُتّر کاشی سے کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں مبینہ طور پر خواتین سے بدسلوکی کے واقعات شامل ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی خاتون نے اپنی بیٹی سے بدتمیزی کرنے والے شخص کو عوامی سطح پر سزا دی ہو۔ ستمبر 2024 میں اتر پردیش کے ایک گاؤں میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، جہاں ایک عورت نے اپنی بیٹی کی جعلی فحش تصاویر پھیلانے والے شخص کو جوتوں سے مارا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، ملزم نے لڑکی کی تصاویر میں رد و بدل کر کے انہیں غیر اخلاقی انداز میں سوشل میڈیا پر پھیلایا تھا، جس سے لڑکی کی شادی کے امکانات متاثر ہوئے۔ابتدائی طور پر مقامی پنچایت نے معاملے کو صلح کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی اور نوجوان کو معاف کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم لڑکی کی ماں نے اصرار کیا کہ وہ اسے جوتے سے مارے بغیر معاف نہیں کرے گی۔ پنچایت کے ایک رکن نے اس شرط کو قبول کیا اور خاتون نے خود نوجوان کو جوتوں سے مارا۔

بعد ازاں فیصلہ ہوا کہ اس واقعے پر کوئی پولیس کارروائی نہیں کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ انہیں معاملے کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، البتہ اگر شکایت موصول ہوئی تو تحقیقات ضرور کی جائیں گی۔

Shares: