گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) دو بیٹیوں کا سفاکانہ عمل، باپ کو زندہ جلادیا
تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ میں لرزہ خیز واقعے میں دو کم عمر بہنوں نے اپنے والد کو رسیوں سے باندھ کر زندہ جلا دیا۔ پولیس کے مطابق آگ سے جھلسنے والا متاثرہ شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے دونوں بیٹیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ مقدمے میں مقتول کی دونوں بیٹیوں کے ساتھ اس کی دو بیویوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقتول علی اکبر نے تین شادیاں کی تھیں اور اس کے 10 بچے تھے، جبکہ وہ اپنی دو بیویوں اور بچوں کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی دونوں بیٹیوں کی عمریں 16 اور 12 سال ہیں۔ دورانِ تفتیش گرفتار بہنوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے والد کے سوتے ہوئے اس کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے باندھے اور موٹر سائیکل سے نکالے گئے پیٹرول سے آگ لگا دی۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ پولیس تمام پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔








