برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ، بھارتی ٹیم لاہور پہنچ گئی

بھارت کی 30 رکنی ٹیم واہگہ کے راستے لاہور پہنچی،معروف بھارتی امیر شخصیت کرن نادر بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچیں پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان نے بھارتی ٹیم کا استقبال کیا. برج کی بھارتی ٹیم کو سخت ترین سیکورٹی میں نجی ہوٹل میں پہنچایا گیا. 5 مئی سے 13 مئی تک برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چمیمئن شپ کا انعقاد مقامی ہوٹل میں ہو گا، پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں بھارت سمیت اپنے ہمسایہ ممالک کی میزبانی کے لئے پرجوش ہیں،

پاکستان برج فیڈریشن کے زیر اہتمام برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں بھارت سمیت کئی ممالک کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز پانچ مئی سے ہو گا۔ کل چار مئی کو ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں چیمپئن شپ کے مکمل شیڈول بارے میڈیا کو آگاہی دی جائے گی،

پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، بھارتی ٹیم بھی پہنچی ہے اس چیمپئن شپ کے انعقاد کے حوالہ سے پاکستان برج فیڈریشن کی تمام ٹیم مکمل طور پر پر عزم ہے، ہم سیکورٹی اداروں کے مشکور ہیں جنہوں نے فول پروف سیکورٹی دے کر معزز مہمان کھلاڑیوں کو عزت دی، مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم بھی اس چیمپئن شپ میں شریک ہو گی ۔

Shares: